حدودِ طائرِ سدرہ حضورؐ جانتے ہیں
کہاں ہے عرشِ معلّیٰ حضورؐ جانتے ہیں
خدا نے اس لیے قاسم اُنہیں بنایا ہے
کہ بانٹنے کا قرینہ حضورؐ جانتے ہیں
بروز حشر شفاعت کریں گے چُن چُن کر
ہر اک غلام کا چہرہ حضورؐجانتے ہیں
پہنچ کے سدرہ پہ روح المیں یہ کہنے لگے
یہاں سے آگے کا رستہ حضورؐ جانتے ہیں
اُنہیں خبر ہے کہیں سے پڑھو درود اُن پر
تمام دہر کا نقشہ حضورؐ جانتے ہیں
بُلا بھی سکتے ہیں اور وہ آ بھی سکتے ہیں
کہ دُوریوں کو مٹانا حضورؐ جانتے ہیں
کہیں گے خُلد میں سرورؔ نبیؐ کے دیوانے
ذرا وہ نعت سنانا حضورؐ جانتے ہیں
شاعر: سرور حسین نقشبندی
No comments:
Post a Comment