تیری اک چشم رحمت سے تیرا بیمار بہتر ہے
ہزاروں طبی نسخوں سے نگاہِ یار بہتر ہے
شہنشاہی سے بڑھ کر ہے تیری پاپوش برداری
سکندر سے تیرا اک خادمِ دربار بہتر ہے
جگہ مل جائے گر پاپوش گاہِ یار میں مجھکو
خوشا یہ مَسنَدِ طاؤُس سے صد بار بہتر ہے
تیرے لہجے کا زیرو بم ہے دلکش آبشاروں سے
گلستاں سے تیری گفتارکا گلزار بہتر ہے
دیا ہے حُسنِ کُل نے حُسن ایسا تیری صورت کو
کہ دیدِ حُسنِ یوسفؑ سے تیرا دیدار بہتر ہے
مقام و مرتبہ ساری خدائی سے میرے آقاؐ
تیرا اِس پار بہتر ہے تیرا اُس پار بہتر ہے
میرے آقاؐ سے خوشبو خُلد کی یوں عرض کرتی ہے
ہر اک خوشبو سے تیرے جسم کی مہکار بہتر ہے
تیرے شیریں دَہَن سے پھول جَھڑتے ہیں فَصاحت کے
جنہیں چُن کر فَصاحت کا ہوامعیار بہتر ہے
حبیبِ کبریاؐ کے عشق کو دل میں مکیں کرلے
مقدر عالمیں میں گر تجھے درکار بہتر ہے
کھلا ہے اَیُّکُم مِثلِی سے یہ عُقدہ ندیمؔ اختر
ہر اک بہتر سے ذاتِ حق کا وہ شہکار بہتر ہے
شاعر: پیرزادہ محمد ندیم اخترندیمؔ حنفی القادری المنگانوی
No comments:
Post a Comment