Hum Suye Hashr Chalein Ge Lyrics - Urdu

 

 

ہم سوئے حشر چلیں گے شہؐ ابرار کے ساتھ

قافلہ ہوگا رواں قافلہ سالار کے ساتھ


مدحت خواجہ دیں مدحت سرکارؐ کے ساتھ

زندگی گزری ہے کیفیت سرشار کے ساتھ


میں بھی وابستہ ہوں سرکارؐ کے دربار کے ساتھ

خاک کا ذرہ بھی ہے عالم انوار کے ساتھ


رہ گئے منزل سدرہ پہ پہنچ کر جبریلؑ

چل نہیں سکتا فرشتہ تیری رفتار کے ساتھ


بخت بیدار ہے یاور ہے مقدر اس کا

جس نے دیکھا ہے انہیں دیدۂ بیدار کے ساتھ


یہ تو طیبہ کی محبت کا اثر ہے ورنہ

کون روتا ہے لپٹ کر درو دیوار کے ساتھ


مل ہی جائے گا کوئی خوان کرم کا ٹکڑا

ہے تعلق جو سگان در سرکارؐ کے ساتھ


اے خدا دی ہے اگر نعت نبیؐ کی توفیق

حسن کردار بھی دے لذت گفتار کے ساتھ


جب کھلے حشر میں گیسوئے شفاعت ان کے

ہم سے عاصی بھی نظر آئیں گے ابرار کے ساتھ


میں یہ کہتا ہوں کہ تھا انؐ کی نظر کا اعجاز

لوگ کہتے ہیں کہ دیں پھیلا ہے تلوار کے ساتھ


ایسا حج زحمت بےجا کے سوا کچھ بھی نہیں

عشق محکم نہ ہو گر احمدؐ مختار کے ساتھ


شہر یثرب کا مسافر نہیں رہ میں تنہا

کارواں شوق کا ہے طالب دیدار کے ساتھ


گر مدینے کا تصور ہو تو ظلمت کیسی

ربط مضبوط رہے عالم انوار کے ساتھ


یہ نہ ہوتا تو نہ بچ سکتے تجلی سے کلیمؑ

نور حضرتؐ کا بھی تھا طور کےانوار کے ساتھ


انؐ کے جلوؤں نے کیا کون ومکاں کو روشن

حسن یوسفؑ کا رہا مصر کے بازار کے ساتھ


پل سے مجھ سابھی گنہگار گزر جائے گا

ہوگی سرکارؐ کی رحمت جو گنہگار کے ساتھ


رات دن بھیج سلام انؐ پہ ملائک کی طرح

پڑھ درود انؐ پہ غلامان وفادار کے ساتھ


دیکھ اے معترض نعت رسولؐ عربی

قرب حساں کو ملا تھا انہی اشعار کے ساتھ


سب عطائیں ہیں خدا کی میرے مولاؐ کے طفیل

ورنہ یہ لطف و کرم مجھ سے گنہگار کے ساتھ


ہم بھی مظہرؔ سے سنیں گے کوئی نعت رنگیں

گر ملاقات ہوئی شاعر دربار کے ساتھ


شاعر: حافظ مظہر الدین مظہررحمتہ اللہ علیہ

No comments:

Post a Comment