نہیں ہے کوئی دنیا میں ہمارا یارسول اللہﷺ
فقط ہے آپ ہی کااک سہارا یارسول اللہﷺ
حقیقت میں بہت بڑھ چڑھ کے ہے عرشِ مُعلّٰی سے
زمیں جس پر ہو نقشِ پا تمہارا یارسول اللہﷺ
طلاطم خیز ہے دریا بھنور میں ہے میری کشتی
نظر آتا نہیں کوئی کنارا یارسول اللہﷺ
سراپا معصیت ہوں بار ہے بیحد گناہوں کا
بچانا نارِ دوزخ سے خُدارا یارسول اللہﷺ
تڑپتا ہے میرا دل اور ترستی ہیں بہت آنکھیں
بُلالو پھر مدینے میں دوبارہ یارسول اللہﷺ
فقط اعمال کے بدلے نہ پائے گا کوئی جنت
نہ ہوگا آپ کا جب تک اشارہ یارسول اللہﷺ
گناہگارانِ اُمت کا خجل ہونا سزا پانا
تری رحمت کو کب ہوگا گوارا یارسول اللہﷺ
دمِ آخر ذرا مشتاق پر اتنا کرم کرنا
کہ اس کے لب پہ ہو کلمہ تمہارا یارسول اللہﷺ
شاعر: سید غلام معین الدین شاہ المعروف بڑے لالہ جی رحمتہ اللہ علیہ